نیویارک… این جی ٹی…بچپن میں وہ کہاوت تو سبھی نے سنی ہوگی کہ" پڑھو گے لکھو گے بنو گے نواب، کھیلو گے کودو گے بنو گے خراب" مگر ماہرین کا تو کچھ اور ہی کہنا ہے۔جی ہاں امریکہ اور سوئٹزرلینڈکے طبی ماہرین نے ایک مشترکہ تحقیق میں یہ انکشاف کیا ہے کہ جو لوگ اپنے زمانہ طالبعلمی کے دوران کھیل کود پر توجہ دیتے ہیں وہ بڑھاپے میں صحت مند زندگی گزارتے ہیں۔امریکہ کی کارنیل یونیورسٹی اور سوئٹزرلینڈ کے فیڈرل
انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ اپنے اسکول کے زمانے میں مختلف کھیلوں میں سرگرم رہتے ہیں وہ ستر سال کی عمر میں ڈاکٹروں کے پاس جانے سے کافی حد تک محفوظ رہتے ہیں۔ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ نوعمری میں ورزش کی عادت بڑھاپے میں لوگوں کو زیادہ متحرک بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔محققین کا کہنا ہے کہ آج کے بچوں میں ورزش کا شوق پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ موٹاپے اور دیگر جسمانی مسائل سے بچ سکیں۔